پریس ریلیز جو اردو کے بہت سے اخبارات میں شائع ہوا

پھلواری شریف۔۲۵؍نومبر(پریس ریلیز)اللہ تعالیٰ نے انسانوں میں دو جنس مردو عورت کی شکل میں پیدا کئے ہیں اور دونوں کی آبادی تقریبا برابر ہے،پھر اللہ تعالی نے دونوں کو انکی فطرت ،بناوٹ ،مزاج اور قوت کے لحاظ سے احکام دئے عورتیں اپنی تخلیق اور مزاج کے اعتبار سے مردوں سے جدا ہیں انکی آواز، چال ،ڈھال اور بناوٹ مردوں سے الگ ہے۔ اسی وجہ سے جب آپ شریعت کے احکام پر غور کریں گے تو پتہ چلے گا کہ بعض احکام مردو خواتین دونوں کے لئے مشترک ہیں لیکن ادائیگی کے طریقے کسی نہ کسی حد تک دوسرے سے مختلف ہیں اور بعض احکام تو صرف مردوں کے لئے ہی ہیں اور بعض حکم صرف عورتوں کے لئے ہے ۔ عورتوں کو دئے گئے احکام میں اسکی نسوانیت ،اسکے مزاج ، اسکے شرم و حیا، انکی عفت و عصمت اور ان کے تحفظ کا پورا پورا خیال کیا گیا ہے اسی لئے اسلام کو دین فطرت کہا گیا ہے۔ان خیالات کا اظہار مسلم خواتین و طالبات کے اجتماع سرائے داناپور میں مولانا محمد شبلی القاسمی صاحب نائب ناظم امارت شرعیہ نے کیا۔مولانا نے فرمایا اسلام سے زیادہ دنیا کا کوئی مذہب اورقانون عورتوں کو تحفظ اور حقوق فراہم نہیں کرتا ۔ عورتوں میں بھی جب تعلیم کے ساتھ خدا ترسی اور اللہ تعالی کے سامنے پیشی کا تصور مضبوط ہوتا ہے تو تاریخ بتاتی ہے کہ انکے ذریعہ بڑے کارنامے انجام پائے ۔دنیا کے ہر بڑے انسان کے پیچھے کسی اولو العزم خاتون کی سرپرستی اور انکی تربیت کا فیض نظر آتا ہے ، آج بھی دنیا کو سلیقہ مند ،دیندار اور بافیض خواتین کی ضرورت ہے تاکہ دنیا اچھا خاندان اور اچھے انسان پا سکیں۔ ہمیں یاد رکھنا چاہئے کہ اللہ تعالی نے دنیا کو نعمتوں اورآرائشوں سے بھر دیا ہے لیکن سب سے بڑی نعمت ایمان کی نعمت ہے۔ساری دنیا اس دولت ایمان کے سامنے ہیچ ہے۔اسلئے ہیرے جواہرات اور قیمتی سے قیمتی دنیا کی نعمتوں کے مقابلہ اپنے ایمان کی حفاظت اور سلامتی کی فکر کرنی چاہئے۔ آپ جس اسکول ،کالج اور ادارہ میں تعلیم پاتی ہیں اپنی محنت ،اپنی نیکی ،سلیقہ مندی اور اپنے مضبوط ایمان کی چھاپ غیروں پر چھوڑئیے تاکہ آپکی نیکی سے انہیں اسلام کا سمجھنا آسان ہو سکے ایسا ہرگز نہ ہو کہ آپ ہی دنیا اور اسکی فریب کی شکار ہو جائیں اور ایمان جیسی دولت کی حفاظت خطرے میں پڑ جائے۔ روزانہ قرآن پاک کی تلاوت کا اہتمام کریں ،پنج وقتہ نمازوں کی پابندی کریں اور اسلام کی مکمل تصویر بنیں ۔ اس موقعہ سے مولانا محمد ایوب نظامی قاسمی ناظم مدرسہ صوت القرآن نے خطاب کرتے ہوئے شرکاء خواتین سے گذارش کی کہ اپنے وقت کی قدر کریں اور اسمارٹ فون کے بیجا استعمال سے پرہیز کریں اور یہ یقین رکھیں کہ بعد مرنے کے اللہ تعالی ہماری آنکھوں ،کانوں،ذہنوں دماغ اور جسم کے تمام اعضاء کے بارے میں سوال کریگا، اس وقت دنیا آپ کے ایمان لوٹنے کے لئے مختلف قسم کے جال بچھا رہی ہے آپ اپنی نیکی اور مضبوط عقیدہ آخرت کے ذریعہ انکی سازشوں کو ناکام کریں ۔نظامت کے فرائض جناب مولانا رضوان احمد صاحب امام خطیب جامع مسجد سرائے داناپور نے انجام دئے۔صاحب خانہ جناب حاجی زاہد حسین صاحب پپروفیسر مولانا محمد مشتاق صاحب، حاجی عامر حسین صاحب سکریٹری مسجد انتظام و انصرام میں پیش پیش رہے۔ خواتین کے اس طرح کے اجلاس کی ضرورت کا احساس کرتے ہوئے وہاں کے لوگوں کے مشورے سے دانا پور حلقہ ہی میں آئندہ ۲۳؍ دسمبر لال کوٹھی محلہ میں مسلم خواتین بالخصوص اسکول اور کالج میں پڑھنے والی طالبات کے اجلاس کا اعلان کیا گیا واضح رہے کہ آج کے اجلاس میں اسکول اور کالج میں پڑھنے والی کئی سو مسلم طالبات نے حصہ لیا ۔آخر میں صدر جلسہ جناب مولانا محمد شبلی القاسمی صاحب نائب ناظم امارت شرعیہ کی دعاء پر مجلس ختم ہوئی۔


© 2006 Imarat Shariah Bihar, Odisha & Jharkhand                                                   Website Designed By : Madni Soft Solutions (08273074473)